7 اکتوبر 2017 - 16:56
خواتین کی عزت و آبرو کا تحفظ واجب ترین شرعی فریضہ ہے: آغا حسن

انہوں نے کہا کہ نامعلوم ہاتھوں نے ہماری غیرت کو للکارا ہے اسلام میں خواتین کے عزت و آبرو کی حفاظت واجب ترین شرعی فریضہ ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سرینگر/ وادی کشمیر کے اطراف و اکناف میں صنف نازک کے موتراشی کے پے در پے واقعات پر گہری فکر و تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور سینئر حریت رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے اس پریشان کن صورتحال کو کشمیری قوم کے خلاف ایک منصوبہ بند سازش قرار دیا آغا حسن نے کہا کہ موتراشی کے درجنوں واقعات رونما ہونے اور کئی مقامات پر عوام کے ہاتھوں مشکوک افراد کو دبوچنے کے باوجود ریاستی پولیس ابھی تک اس شرم ناک شر انگیزی کے پس پشت ہاتھ کو طشت از بام کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوئی ہے، جس سے کشمیری خواتین میں عدم تحفظ کا احساس اور بھی شدید ہوچکا ہے۔ اس سنگین معاملے کے تعلق سے ریاستی انتظامیہ کی غیر سنجیدگی پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے آغا حسن نے کہا کہ حالات و واقعات کے تناظر میں عوام شک کی انگلیاں ایجنسیوں کی طرف اٹھانے میں حق بجانب ہیں۔ آغا حسن نے عوام کو چوکسی برتنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ عوام از خود اپنے علاقوں میں خواتین کی حفاظت کے تقاضوں کو پورا کریں، اور اس سازش کو ناکام بنانے کیلئے فہم و فراست کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ نامعلوم ہاتھوں نے ہماری غیرت کو للکارا ہے اسلام میں خواتین کے عزت و آبرو کی حفاظت واجب ترین شرعی فریضہ ہے۔اس معاملے میں مصلحت پسندی کی کوئی گنجائش نہیں ۔ ہمیں اپنی ماں بہنوں کو اس سنگین صورتحال سے بچانے اور اس سازش کا بھانڈا پھوڑنے کیلئے سنجیدگی اور فہم و فراست کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲